پیر14؍ربیع الثانی 1445ھ30؍اکتوبر 2023ء

فیض آباد دھرنے کے ذمے داروں کے تعین کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم

فیض آباد دھرنا کیس میں سپریم کورٹ کے 6 فروری 2019ء کے فیصلے پر عملدرآمد اور دھرنے کے ذمے داران کے تعین کے لیے حکومت نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی۔

کمیٹی میں ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹری دفاع، ڈائریکٹر آئی ایس آئی شامل ہیں۔

اس حوالے سے اٹارنی جنرل نے عمل درآمد رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔

اٹارنی جنرل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے 6 فروری 2019ء کے فیصلے  پر عمل درآمد کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ 

رپورٹ میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں شامل افراد کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ٹی او آرز بھی عمل درآمد رپورٹ کا حصہ بنائے گئے ہیں اور رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی طے شدہ ٹی او آرز کے تحت انکوائری کرے گی۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی فیض آباد دھرنے سےمتعلق شواہد اکٹھے کرے گی اور حاصل شواہد و دستاویزات اور ریکارڈ کا جائزہ لے گی۔

اس حوالے سے قائم کی جانے والی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی گواہان کے بیانات بھی ریکارڈ کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی فیض آباد دھرنا کیس کے ذمے داران اور ہینڈلرز کا تعین کرے گی، کمیٹی تعین کرے گی کہ فیض آباد دھرنا کیس میں کس نے احکامات دیے اور مینیج کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تحقیقات کے بعد تجاویز پر مبنی رپورٹ جمع کرائے گی۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس طے شدہ ٹی او آرز پر 26 اکتوبر کو ہوچکا ہے، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی یکم دسمبر تک رپورٹ وزارتِ دفاع کو جمع کرائے گی۔

فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو اگر مزید وقت درکار ہوگا تو وزارتِ دفاع سے رجوع کرے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالت سے فیض آباد دھرنا کیس نظرثانی درخواست واپس لینے کی درخواست کی تھی، عدالت سے استدعا ہے کہ حتمی رپورٹ جمع کرانے کی مہلت دی جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.