پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا، جیل میں انہیں بی کلاس ملے گی یا نہیں؟ ابھی تک فیصلہ نہیں ہو سکا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا، جیل میں فواد چوہدری کا میڈیکل کیا جائے گا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل چیک اپ کے بعد فواد چوہدری کو بیرک الاٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں آج پیش کیا گیا تھا جہاں تفتیشی افسر نے ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔
فواد چوہدری کی بعد از ضمانت کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیشی پر فواد چوہدری نے عدالت میں بیان دیا تھا کہ وہ تحریک انصاف کے ترجمان ہیں، انہوں نے جو بیان دیا وہ جماعت کا موقف ہے، ضروری نہیں کہ ان کی ذاتی رائے بھی وہی ہو۔
عدالت میں فواد چوہدری کو گھر والوں سے ملنے کی اجازت دی گئی اور ان کی ہتھکڑی بھی کھلوادی گئی۔
عدالت سے واپس لے جاتے ہوئے فواد چوہدری کی اہلیہ کی پولیس سے تکرار ہوئی، حبہ چوہدری کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری پر چادر نہیں ڈالی جائے۔
Comments are closed.