پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نواز شریف کو بڑا سیاست دان تسلیم کرلیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے تو کہا تھا کہ ہمیں الیکشن میں جانا چاہیے، نواز شریف سے اختلاف اپنی جگہ لیکن ان سے بڑے سیاست دان ہمارے ہاں کم ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم سے زیادہ مسلم لیگ (ن) کی اپنی اندرونی سوچ ہوگی کہ اس کو کیسے دیکھنا ہے، ہم اب بھی کہہ رہے ہیں کہ ای وی ایم کا سوچیں، انتخابی اصلاحات پر بات کریں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس وقت ہم 18 نشستو ں پر آگے ہیں، الیکشن کے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا، انتخابات کروانا ہوں گے، پرویز الہیٰ کا الیکشن ہوجائے گا لیکن سیاسی استحکام نہیں آئے گا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت وینٹی لیٹر پر ہے، شہباز شریف اب کہاں کے وزیراعظم رہ گئے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں کیسے جانا ہے؟ اس حوالے سے بڑی جماعتوں کو فیصلہ کرنا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی بحران کو ختم کرنا ہوگا، ملک کا معاشی بحران چھ ماہ میں حل ہونے والا نہیں ہے۔
Comments are closed.