مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے وفاقی وزیرِ اطلاعات سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ فواد چوہدری دیر نہ کریں میرے خلاف مقدمہ درج کرائیں۔
مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے ایک بیان کے ذریعے وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فواد چوہدری میرے خلاف مقدمے میں مدعی خود بنیں، اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے، دھمکیوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
نون لیگی رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعد رضوی کے بیانات کا میرے بیانات اور عمران خان کے بیانات سے موازنہ کروائیں۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اب رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی ہو گی، رانا ثناء اللّٰہ نے وہی زبان استعمال کی جوٹی ایل پی یا بانی ایم کیو ایم استعمال کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کواجازت نہیں دی جاسکتی کہ سرکاری افسران کو دھمکیاں دے، رانا ثناء اللّٰہ نے گزشتہ روز چیف سیکریٹری پنجاب، کمشنر اور دیگر افسران کو دھمکیاں دیں، جس پر رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف کارروائی کے لیے احکامات دیئے جا رہے ہیں۔
وزیرِاطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ رانا ثناء اللّٰہ نے جو زبان استعمال کی اس پر ان کے خلاف پرچہ کٹے گا، یہ لوگ کبھی کبھی بانی ایم کیو ایم بننے کی کوشش کرتے ہیں، اب تحریکِ لبیک ختم ہوگئی ہے۔
Comments are closed.