ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کی جانب سے فواد چوہدری کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹوئٹ کر کے آٹے، چینی، بجلی، گیس، دوائی کی قیمت کم نہیں ہوگی۔
مریم اورنگزیب کی جانب سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ٹوئٹ کے جواب میں ٹوئٹر پر ردِ عمل دیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ٹوئٹ کر کے کونسے ملک کے آٹے، چینی، بجلی، گیس، سبزیاں سستی ہونے کی اطلاع دے رہے ہیں، فواد صاحب جھوٹے ٹوئٹ کرنے کے بجائے عمران صاحب سے کہیں کہ وہ وزیراعظم آفس سے باہر نکلیں، ملک بھر سے آئے تاجر احتجاج کر رہے ہیں، عوام کی مفلسی بے بسی کا مزید مذاق نہ اڑائیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب باہر آئیں اور احتجاج کرنے والے اساتذہ کے مطالبات سنیں، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر موجود سرکاری ملازمین کے احتجاج کا جواب دیں، آج ڈاکٹرز، طلبہ، اساتذہ، تاجر سب سڑکوں پر ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ صنعت کار، مزدور، سرکاری ملازمین اور مظلوم عوام عمران صاحب کے ظلم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
انہوں نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ کیوں جھوٹ بولتے ہیں، کیوں عوام کی بے بسی، غربت اور مفلسی کا مزاق اڑاتےہیں ؟ کیوں؟ عوام کو کچھ دے نہیں سکتے تو کم از کم زبان ہی بند رکھیں، آپ عوام کی فریادیں، مطالبات اور بد دعائیں سنیں۔
Comments are closed.