کولمبو سے کراچی آنے والی سری لنکن ایئر لائن کی پرواز کو 40 ہزار فٹ کی بلندی پر ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے پر طیارے کو دو گھنٹے بعد واپس کولمبو اتار لیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر لنکا کی کولمبو سے کراچی کی فلائٹ یو ایل 1183 روانگی کے 45 منٹ بعد بھارت کی فضائی حدود میں 40 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی کہ طیارے کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق جہاز چند منٹ میں چالیس ہزار فٹ کی بلندی سے 11 ہزار فٹ پر آگیا۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ رات ایک بجکر 26 منٹ پر ائر ٹریفک کنٹرول کو طیارے سے ہنگامی صورتحال کے سگنل ملے۔ جس پر ٹریفک کنٹرول نے پائلٹ کو واپس کولمبو کا رخ کرنے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق کولمبو واپسی کے تمام سفر میں طیارہ 11 ہزار فٹ کی بلندی سے اوپر نہیں جا سکا جبکہ طیارے نے واپسی کا سفر 325 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طے کیا۔ یوں روانگی کے دو گھنٹے 10 منٹ بعد فلائٹ یو ایل 1183 واپس کولمبو بحفاظت لینڈ کرگئی۔
فنی خرابی کا شکار ایئرلنکا کے زیر استعمال ایئر بس اے 330 بارہ سال پرانی ہے۔ کراچی کے مسافروں کو جہاز سے اتار کر لاؤنج میں منتقل کردیا گیا۔
Comments are closed.