سندھ ہائی کورٹ نے زمین الاٹمنٹ کی تحقیقات کے معاملے میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ملزم فردوس شمیم نقوی کی عدم پیشی پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں زمین الاٹمنٹ تحقیقات کے معاملے رہنما تحریک انصاف فردوس شمیم نقوی کی درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت فردوس شمیم نقوی سندھ ہائی کورٹ میں پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ملزم فردوس شمیم نقوی کہاں ہیں؟ پیش کیوں نہیں ہوئے؟
فردوس شمیم نقوی کے وکیل نے جواب دیا کہ فردوس شمیم نقوی کا مجھ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، مجھے علم نہیں وہ کہاں ہیں اور کیوں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم پہلے بھی پیشیوں پر غیر حاضر رہے ہیں۔
فردوس شمیم نقوی کے وکیل نے استدعا کی کہ مجھے مہلت دی جائے، رابطہ کر کے بلا لیتے ہیں۔
عدالتِ عالیہ نے آئندہ سماعت پر فردوس شمیم نقوی کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی۔
Comments are closed.