پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کو سکھر جیل کے لیے روانہ کردیا گیا۔
سندھ اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کو سینٹرل جیل کراچی سے سخت سیکیورٹی میں سکھر جیل منتقل کرنے کے لیے روانہ کردیا گیا ہے۔
سینٹرل جیل کے باہر فردوس شمیم نقوی کی اہلیہ اور بیٹے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فردوس شمیم کینسر کے مریض ہیں اور وہ نارمل کھانا بھی نہیں کھاسکتے۔
فردوس شمیم نقوی کے اہلخانہ نے بتایا کہ ان پر کبھی زندگی میں ایک ایف آئی آر نہیں کاٹی گئی، اب ان پر متعدد مقدمات نامعلوم افراد کے نام پر کاٹ دیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فردوس کی حالت اچھی نہیں ہے، میری وزیراعلیٰ صاحب سے درخواست ہے آپ اس طرف توجہ دیں اور ہماری گزارش ہے فردوس کو کراچی میں ہی رکھا جائے۔
فردوس شمیم نقوی کے بیٹے زوہیر کا کہنا تھا کہ میرے والد کو سکھر جیل لے جانا موت کی سزا کے برابر ہے اور ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں میرے والد کو اسپتال میں رکھا جائے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کو بھی ان کی رہائش گاہ سے جیکب آباد جیل روانہ کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.