قومی ٹیم کے اسٹار اوپنر فخر زمان جنوبی افریقی وکٹ کیپر کے جھانسے میں آکر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں ایک روزہ کرکٹ میں فخر زمان دوسری بار 200 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے تھے مگر وہ جنوبی افریقی وکٹ کیپر کے جھانسے میں آکر رن آؤٹ ہوگئے۔
ہوا کچھ یوں کے فخر زمان نے آخری اوور کی پہلی گیند پر شارٹ ماری اور وہ دوسرے رن کے لیے تیزی سے دوڑ ے تاہم ڈی کوک کے اشارے کے باعث انہوں نے اپنی بھاگنے کی رفتار کم کردی اور رن آوٹ ہوگئے۔
ڈی کوک جو وکٹ کے قریب آرہے تھے انہوں نے اس طرح اشارہ کیا کہ فیلڈر نے گیند بولر کی طرف پھینکی ہو اور فخر زمان بھی یہی سمجھے، اور اپنی اسپیڈ آہستہ کردی۔
فخر بھاگتے ہوئے نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود حارث رؤف کو دوسری جانب سے دیکھنے لگے چونکہ ڈی کوک کی وجہ سے ان کے ذہن میں یہ تھا کہ حارث رؤف مشکل میں ہیں۔
اگلے ہی لمحے فخر زمان ڈی کوک کی اس چالاکی کو بھانپ گئے، لیکن اس وقت بہت دیر ہوچکی تھی۔
یہاں قسمت نے بھی جنوبی افریقی ٹیم کا ساتھ دیا کہ فیلڈر ایڈن مارکرم کی تھرو سیدھی وکٹوں پر آ لگی اور فخر زمان کریز تک بھی نہ پہنچ سکے، اور آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان نے اپنی 193 رنز کی اننگز کے دوران 10چھکے اور 18 چوکے لگائے انہوں نے اس دوران کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کیے۔
ان کی جنوبی افریقا کے خلاف اننگز کو آئی سی سی نے بھی سراہا ہے جبکہ انہیں 193 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Comments are closed.