وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی مولانا طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ فحاشی سے متعلق عمران خان کے بیان کو لوگوں نے غلط رنگ دیا، بچیوں کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کو کڑی سے کڑی سزا دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں مساجد میں طے شدہ ایس او پیز کے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا،نمازی مساجد میں ماسک کا استعمال کریں۔
مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ حکومت منہگائی کو قابو پانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، تاجر تنظیمیں رمضان میں اپنا منافع پچاس فی صد کم کر دیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی طاہراشرفی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ صدر مملکت کیساتھ 2 روز قبل کورونا سے متعلق اجلاس ہوا مختلف مسالک کے اسکالرز شریک ہوئے، اجلاس میں طے ہوا کہ ایس او پیز کے تحت اس سال بھی مساجد کھلی رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ افواہیں ہیں کہ مساجد اور امام بارگاہیں بند ہوں گی،لوگوں سے اپیل ہے کہ گھر سے وضو کرکے مساجد آئیں، کورونا کی تیسری لہر شدید ہے، اس سے زیادہ سے زیادہ بچا جائے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں مسجد اور مدرسے پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے ہیں، علماکے ساتھ مل کر وقفی املاک ایکٹ کے معاملات کی بھی اصلاح کی جائے گی۔
Comments are closed.