قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے ساتھی فاسٹ بالر حارث رؤف کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
راولپنڈی میں پیدا ہونے والے حارث رؤف کو گزشتہ روز پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کٹیگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس سے قبل حارث رؤف ایمرجنگ کیٹگری میں شامل تھے، دونوں فاسٹ بالرز پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کا حصہ ہیں، نہ صرف لاہور قلندرز بلکہ قومی ٹیم میں بھی فاسٹ بالرز کی یہ جوڑی خاصی شہرت رکھتی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نہ صرف ساتھی فاسٹ بالرز ہیں بلکہ آف دی فیلڈ گہرے دوست بھی ہیں۔
27 سالہ فاسٹ بالر گزشتہ سال ایمرجنگ کیٹگری کا حصہ تھے، ان گزشتہ 12 ماہ میں حارث رؤف نے 22 اننگز میں 26.12 کی اوسط اور 7.46 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 31 وکٹیں حاصل کیں۔
پی سی بی کے لیے خصوصی انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوست اور ساتھی کرکٹر حارث رؤف کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی سے گفتگو میں حارث رؤف کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شمولیت کی خبر ملنے پر وہ بہت خوش ہیں اور اس سے ان کی مزید حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔
انٹرویو کے دوران فاسٹ بالر حارث رؤف نے شاہین شاہ آفریدی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
حارث رؤف نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں سیریز ہمیشہ چیلنجنگ رہتی ہے تاہم وہ میزبان ٹیم کے خلاف 8 جولائی سے شروع ہونے والی سیریز میں بہتر بالنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔
دونوں کھلاڑیوں نے اتفاق کیا ہے کہ وہ بالنگ میں اچھی شراکت داری قائم کرکے میزبان ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کی حکومت نے اب شائقین کو بھی اسٹیڈیمز میں میچز دیکھنے کی اجازت دے رکھی ہے، اس متعلق حارث رؤف نے کہا کہ وہ انگلینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ فینز کے سامنے پرفارم کرنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
شاہین آفریدی کا بھی کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ برطانیہ میں کراؤڈ کے سامنے بالنگ کر کے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
Comments are closed.