جدہ: اسلامی تعاون تنظیم نے غزہ میں اسپتال پر صہیونی ریاست کی قابض فوج کی جانب سے بم باری کو منظم اسرائیلی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق او آئی سی نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسرائیلی کی جانب سے ایک منظم دہشت گردی اور قابل مذمت عمل ہے۔
تنظیم نے اس حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کی تازہ صورت حال کے پیش نظر سعودی عرب کی دعوت پر اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کا اجلاس ہوا، جس میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر کی گئی جارحیت پر تبادلہ خیال ہوا۔
او آئی سی کے اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ایک اسپتال پر گزشتہ شب ہونے والی بم باری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ تنظیم نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کرنے والے اسرائیل کو جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے پر سزا دی جانی چاہیے۔
اعلامیے میں فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حقوق کی حمایت، حق خود ارادیت اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کے عزم پر زور دیا گیا۔
Comments are closed.