بدھ 2؍ربیع الثانی 1445ھ18؍اکتوبر 2023ء

غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی بمباری، کئی ملکوں میں احتجاجی مظاہرے

عمان: صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر بم باری کے خلاف پوری دنیا میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اسرائیلی حملے میں سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق غزہ میں اسپتال پر اسرائیلی بم باری کے خلاف کئی ممالک میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ اس دوران صہیونی ریاست کی حمایت کرنے والے ممالک کے سفارت خانوں کے باہر مظاہرین اسرائیلی بم باری کے خلاف غم و غصے کا اظہار  اور صہیونی ریاست کی دہشت گردی روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

اُردن میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔ دارالحکومت عمان میں مشتعل افراد نے مظاہرے کے دوران سفارت خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم اس موقع پر پولیس نے احتجاج کرنے والوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران مظاہرین اور سیکورٹی اہل کاروں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

دوسری جانب ایران میں بھی اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ دارالحکومت تہران میں بڑی تعداد میں احتجاج کرنے والے افراد فرانسیسی سفارت خانے کے باہر جمع ہوئے اور صہیونی ریاست کی جانب سے غزہ کے اسپتال پر بم باری کے خلاف مظاہرہ کیا۔

ترکیہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے نیٹو کے فوجی اڈے میں داخل ہونے کی کوشش کی اور اس موقع پر روکنے کی کوشش کرنے والی پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ مظاہرین اسرائیلی حکومت کو فلسطینی پر حملوں کے تناظر میں لگام دینے کی اپیل کررہے تھے۔

لبنان میں احتجاجی مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کی جانب جاکر احتجاج کرنے کی کوشش کی اور سفارتخانے کے باہر آگ لگادی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دارالحکومت لبنان میں مشتعل افراد نے اقوام متحدہ کی عمارت میں بھی توڑ پھوڑ کی۔ احتجاج میں شریک افراد اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اسپتال پر بم باری کے خلاف غصے کا اظہار کررہے تھے اور عالمی اداروں سے مطالبہ کررہے تھے کہ وہ صہیونی ریاست کو فلسطین پر حملوں اور فلسطینیوں کے قتل عام سے روکیں۔

علاوہ ازیں تیونس، مصر اور فرانس سمیت کئی ممالک میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.