بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان کے گھر کا کرایہ 9 سال تک امریکی قونصلیٹ دیتا رہا، مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کا کرایہ 9 سال تک امریکی قونصلیٹ دیتا رہا ہے، امریکی قونصلیٹ سے پیسہ لینے والے آزادی کی بات کرتے ہیں، جس کی کابینہ کے سارے مشیر امریکا یا برطانیہ کے شہری ہوں وہ ہمیں آزادی کا درس دیتے ہیں۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف جیسی باطل پارٹی کے خلاف اگر اکیلے بھی لڑنا پڑا تو لڑوں گا، سیاسی، آئینی جنگ لڑنی ہے، ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی طاقت کے ذریعے عمران خان کو لایا گیا تھا، سیاسی جماعتوں کے اپنے منشور ہوتے ہیں، فیصلہ عوام نے کرنا ہوتا ہے۔

 فضل الرحمان نے کہا کہ ایک دو دہائیوں سے نظریاتی جنگ کے بجائے تہذیب کی جنگ ہو رہی ہے، نوجوانوں میں تہذیب، اخلاقیات کو ختم کیا جارہا ہے،  نوجوانوں کو بد اخلاقی سکھائی جا رہی ہے، سازش کے تحت معاشرے کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ رجیم چینج کون ہے کس کے خلاف سازش ہوئی، عالمی سازش کرکے عمران خان کو نہیں نکالا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدلیہ ریاست کا اہم ادارہ ہے، اس کا احترام ہم پر فرض ہے، جب جج اپنے رویے سے متنازع بن جائے اور ایک فریق کو سہولت دیں تو ریاست تباہ ہوجاتی ہے، کوئی جتنا بھی طاقت ور کسی بھی ادارے میں ہے ہم کسی سے خوف زدہ نہیں، ضمنی الیکشن آئیں گے تو ہم ایک پارٹی کی طرح لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سے مقبولیت کا اندازہ نہیں ہوتا، اس فتنے سے نوجوان نسل کو بچانا ہے، اداروں کو استعمال کرکے ہمارے خلاف کیسز بنائے گئے، اگر ہمارے خلاف اداروں نے کیسز بنائے تو ہم وہ فائلز ان کے منہ پر مار دیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت حکومتی اتحاد موجود ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ضمنی انتخابات میں اکٹھا الیکشن لڑیں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.