بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان کے پاس پانچ ارکان اسمبلی خریدنے کے پیسے کہاں سے آئے؟ شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے عمران خان سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پاس پانچ ارکان اسمبلی خریدنے کے پیسے کہاں سے آئے؟ کیا ارکان اسمبلی فرح گوگی کے پیسوں یا بلین سونامی کے پیسوں سے خریدے گئے؟

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کی آڈیو سے ثابت ہوگیا کہ اس نے پانچ ارکان اسمبلی خریدے ہیں، عمران خان کی آڈیو میں ارکان اسمبلی خریدنے کا اعتراف ان کے خلاف چارج شیٹ ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عدالتیں ارکان اسمبلی خریدنے کے عمران خان کے اعترافی بیان کا نوٹس لیں، عمران خان کے خلاف جے آئی ٹی بناکر تفتیش کی جائے، ارکان خریدنے کے پیسوں کی منی ٹریل لی جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ فراڈیے نے لوگوں کو جس غلط راستے پر لگایا، اس کی وجہ سے آج سعودی عرب میں 10 افراد جیلوں میں ہیں، عمران خان کو چاہیے کہ جیل بھرو تحریک اپنی گرفتاری سے شروع کریں، فراڈی شخص نے ملک کی سیاست اور نظام کو خراب کردیا ہے، فوجی شہداء کی توہین پر گرفتار ہونے والوں کا سب سے بڑا سپورٹر عمران خان ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ احتجاج کی قیادت کیلئے اپنے بیٹوں اور بہنوں کو بلائیں اور ان کے ساتھ مل کر احتجاج لیڈ کریں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے حکومتی مشینری مصروف ہے، ورلڈ بینک نے سیلاب متاثرین کے مدد کیلئے مثبت جواب دیا ہے، ورلڈ بینک 6 ارب اور سندھ حکومت 7 ارب روپےکراچی کیلئے دے گی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے چار ماہ میں کامیاب دورے کیے جو ریکارڈ ہے، سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے پوری دنیا سے بہتر رسپانس آرہا ہے، کسی وزیراعظم نے اپنے ملک کے خلاف اتنی گھناؤنی سازش نہیں کی، عمران خان کو پتا ہی نہیں تھا کہ ملک کے مسائل کیا ہیں اور چلنا کیسے ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے عالمی تعلقات کو کوئی اہمیت نہیں دی، عمران خان واحد وزیراعظم تھا جس کو آئینی اور قانونی طریقے سے گھر بھیجا گیا، عمران خان نے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.