وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو علم نہیں تھا کہ روس اور یوکرائن کے درمیان موجودہ تنازع کا آغاز ہوجائے گا، عمران خان کے دورہ روس پر پاکستان کو سزا دینا ناانصافی ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امداد نہیں تجارت بڑھانے پر یقین رکھتا ہے، تحفظ خوراک کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان بحران سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے، افغان بحران کی شدت سے پورا خطہ متاثر ہوگا، عالمی برادری بحران کے خاتمے میں کردار ادا کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لئے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا۔
قبل ازیں اقوام متحدہ میں امن و سلامتی مباحثہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور غذائی قلت جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتہا پسندی، دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا، پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں، بھارت نے کشمیر میں غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات کیے۔
Comments are closed.