اتوار 19؍شعبان المعظم 1444ھ12؍مارچ 2023ء

عمران خان کے خوف سے پورا شہر بند کر دیتے ہیں: بابر اعوان

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خوف کی وجہ سے یہ پورا پورا شہر بند کر دیتے ہیں، پی ایس ایل کا بہانہ بنا کر نگراں حکومت نے لاہور میں دفعہ 144 لگا دی۔

الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی ریلی روٹ پی ایس ایل روٹ سے الگ ہے اور ریلی کا وقت پی ایس ایل میچ سے مختلف ہے، ساڑھے 5 بجے تک ہماری ریلی ختم ہو جائے گی، میچ ساڑھے 7 بجے ہونا ہے۔

بابر اعوان کا کہنا ہے کہ ماضی میں پی ایس ایل کے روٹ کو کور کیا جاتا ہے، پورے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا کوئی جواز نہیں، نگراں حکومت نے پی ایس ایل کا بہانہ بنا کر ریلی پر پابندی لگائی، پاکستان کی وفاقی اور نگراں حکومتبں الیکشن ممکن بنانے کا ماحول بناتی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ کرکٹ میچ کی وجہ سے کل ریلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ آج راولپنڈی میں بھی میچ ہے لیکن وہاں تو دفعہ 144 نہیں لگائی گئی، ملتان اور کراچی میں میچ کے دوران دفعہ 144 نہیں تھی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے اپیل کر رہا ہوں، آر او اور ڈی آر او عدلیہ سے بلایا جانا چاہیے۔

بابر اعوان نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف واحد جماعت ہے جس نے آئین کی پابندی کی، گورنر اور وزراء آئین کو نہیں مان رہے اور اداروں پر حملہ کر رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان کو خطرہ ہے اور ان پر حملہ ہو سکتا ہے، حکومت ہی بتاتی ہے کہ ان کی زندگی کو خطرہ ہے، وہ ریلی نکالنا چاہتے ہیں اور الیکشن مہم ہمارا حق ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.