پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات جیتنے کے بعد سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات سے قبل عمران خان نے حکومت، ای سی پی اور اسٹیبلشمنٹ پر دھاندلی کے الزامات لگائے تھے، انتخابات جیتنے کے بعد سابق وزیرِ اعظم میں معافی مانگنے کی جرأت ہونی چاہیے تھی۔
پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ عمران خان مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کے نام لینے کی ہمت تو نہیں کر سکے، کم از کم انتخابات جیتنے کے بعد عمران خان مسٹر ایکس اور وائی سے ہی معافی مانگ لیتے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ تحریکِ انصاف ضمنی انتخابات جیتنے کی خوشیاں منا رہی ہے یا عمران خان کے الزامات جھوٹے ثابت ہونے پر؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی والے ہمیشہ اپنا بیانیہ بنانے کے لیے آئین، ملک کے مفادات اور آئینی اداروں کی ساکھ کی دھجیاں اڑاتے ہیں، آئین کی خلاف ورزی کرنے کے بعد بھی یہ خود کو صحیح اور مخالفین کو غلط سمجھتے ہیں۔
Comments are closed.