پیر16؍جمادی الثانی 1444ھ9؍جنوری2023ء

عمران خان کی نااہلی 99.99 فیصد نظر آرہی ہے، فیصل واوڈا

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ عمران خان کو روک روک کر تھک گئے اردگرد کے لوگ آپ کو نااہل کرواکے چھوڑیں گے، عمران خان کی نااہلی 99.99 فیصد نظر آرہی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ سمجھداری کی سیاست ہوئی تو اکتوبر میں الیکشن ہو جائیں گے، لاہور میں تین ہزار ارب کی چوری ہو رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کسی صورت ڈیفالٹ نہیں ہوگا، اس بار بھی فوج ہی پیسہ لاکر دے رہی ہے، آٹا کھانے کو نہیں لیکن جہازوں کیلئے ایندھن ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ  کسی کو قانون سے بالا کر دیا جائے تو انجام بہت برا ہوتا ہے اور یہی ہونے جا رہا ہے، جب آدمی کرسی پر ہو تو دل گردہ دکھا کر اس کا نام لیا جائے۔

پروگرام میں شریک اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر شعیب شاہین نے کہا کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں کچھ نہیں ہے، ہم کسی کی ذات پر بات نہیں کرتے، سویلین بالا دستی کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیال ہے پرویز الہٰی وزیر اعلیٰ رہیں گے، پی ٹی آئی کے 10، 15 ارکان توڑ دیں یا استعفیٰ دے دیں تو پرویز الہٰی ہٹ سکتے ہیں، پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینے میں مشکل ہوئی تو عمران خان مشکل میں آجائیں گے۔

شعیب شاہین نے کہا کہ اسحاق ڈار نے مصنوعی طریقے سے ڈالر کم رکھ کر ظلم کیا ہے، اسحاق ڈار نے ڈالر کی قیمت 40 روپے کم رکھی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.