چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا مہنگائی سے متعلق کہنا ہے کہ وزیراعظم ہوش کے ناخن لیں، ملک میں مہنگائی کی ماہانہ شرح 11.1 فیصد ہے، عمران خان کی حکومت کا ہر گزرتا دن مہنگائی کا طوفان لارہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی کی ریکارڈ شرح پر حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ المیہ ہےکہ ملک میں مہنگائی میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے، اس وقت ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 14.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے، ڈبلیو پی آئی کے مطابق مہنگائی کی شرح 16.6 فیصد ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا ہے کہ ایس پی آئی کے مطابق تو مہنگائی کی شرح 21.3 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گندم اور گنا پیدا کرنے والا ملک چینی اور آٹا درآمد کرے گا تو کیسے ملک چلے گا؟ رمضان میں مختصر دسترخوان عمران خان کی نا اہلی کی داستانیں سنا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام عمران خان کو مہنگائی کی دہائیاں دے رہے ہیں اور عمران خان اپنی تعریف کے علاوہ کچھ سننے کو تیار نہیں، عمران خان مہنگائی کی قیامت ڈھا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کمر توڑ مہنگائی میں بے نظیر مزدور کارڈ کا اجرا کیا ہے، پی پی پی بینظیر کارڈ جاری کر رہی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی ملک بھر کے مزدوروں کے لیے بے نظیر کارڈ جاری کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان آلو، پیاز اور ٹماٹر کی قیمتیں تو سنبھال نہیں پارہے، ملک کیا چلائیں گے؟ وہ کون سی ایسی چیز ہے کہ جس کی قیمت میں اضافہ نہ ہوا ہو۔
Comments are closed.