پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقاریر ہی نہیں سیاست پر بھی پابندی عائد کی جانی چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران مریم نواز نے کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے لیکن الیکشن سے قبل کچھ فیصلے ہونے باقی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف بےگناہ ہوتے ہوئے بھی نااہل ہوئے، عمران خان کے جرائم پر قانون کو حرکت میں آنا چاہیے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے مزید کہا کہ عمران خان کی تقاریر ہی نہیں بلکہ اس کی سیاست پر بھی پابندی عائد کی جانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک سے ناکام کوئی تحریک نہیں تھی، عمران خان نے جیل جانے کے ڈر سے ٹانگ پر پلاستر چڑھا رکھا ہے۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے بیٹی کے ساتھ ہوتے ہوئے بھی گرفتاری دی جبکہ عمران خان نے بیٹی چھپائی ہوئی ہے، ڈیکلیئریشن فارم میں جھوٹ بولتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو گرفتار کرکے بد ترین انتقام لیا گیا، ن لیگی قائد کو ایک گھنٹے کے نوٹس پر حاضر ہونے کےلیے کہا جاتا۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ ایک دن بھی جیل نہ کاٹنے والا نواز شریف سے مقابلہ نہیں کرسکتا، انہوں نے ہر کیس میں جھوٹ بولا ہوا ہے اور عدالت میں پیش نہیں ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان فارن فنڈنگ میں اسرائیل اور بھارت سے پیسے لیتے ہوئے پکڑے گئے، جس برق رفتاری سے نواز شریف کے کیسز چلتے تھے ان کے نہیں چلے۔
مریم نواز نے کہا کہ میرے جنرل باجوہ سے متعلق ثبوت نہیں جنرل فیض حمید سے متعلق ہیں، عمران خان جانے والے چیف کا گریبان اور آنے والے کے پاؤں پکڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں فیض حمید کے ریٹائر ہونے کا انتظار نہیں کر رہی تھی، اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، میں نہیں چاہتی کہ کسی کو سیاست سے باہر کیا جائے۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ ایک لیڈر جو اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہے وہ عوامی لیڈر کیسے ہوسکتا ہے، جب سے عمران خان کی بیساکھیاں گئیں اس کا حال سب کے سامنے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادتی نواز شریف سے کی گئی جو اس نے سہہ لی، میں عمران خان سمیت کسی کے ساتھ زیادتی نہیں چاہتی، لیکن جو جرائم اس کے ہیں سزا ہونا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ چاہتی ہوں عمران خان نے جو جرائم کیے کم ازکم قانون اس پر حرکت میں آئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک شخص 4 سال مال بناتا رہا، اس کی بیوی مال بناتی رہی، اس کی بیوی نے ایک فائل پر دستخط کے 5 قیراط کے ہیرے لیے، ایسے شخص کو نواز شریف کے ساتھ کیسے برابر کر رہے ہیں۔
ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے بھرپور الیکشن کی تیاری کر لی ہے، میرے دورے 60 سے 70 فیصد مکمل ہوچکے۔
Comments are closed.