پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سب چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن پاکستان کے خلاف ایف 9 پارک میں جمع ہوں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایف 9 پارک میں آج شام 7 بجے خطاب کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ پوری ریاستی مشینری اور الیکشن کمیشن کی شرانگیزیوں کے باوجود پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی شکست کے بعد چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امپورٹڈ حکومت کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کے خلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ کی سازش کی۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ اب عام انتخابات میں بھی ایسا ہی ہونے سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) خوف کا شکار ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک اور سیکٹر ایچ نائن میں جلسے کی اجازت مل گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کے خلاف آج احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشنر نے ہمیں فارن فنڈڈ کہہ کر ہماری توہین کی ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز لیے ہیں، جانتے بوجھتے عارف نقوی سے فنڈز وصول کیے گئے، ممنوعہ ذرائع سے عطیات اور فنڈز موصول ہوئے۔
Comments are closed.