چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمشنر کو نکلوانے کی حکمت عملی تیار کرنا شروع کردی۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس کا سامنا کر رہے عمران خان نے الیکشن کمشنر کو نکلوانے کے لیے نئی حکمت عملی بنائی ہے اور قانونی راستے ڈھونڈنے شروع کردیے ہیں۔
پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا کہ ہم پر فارن فنڈنگ کیس چل رہا ہے، اس دوران الیکشن کمیشن کے ارکان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) قیادت سے کیوں ملاقات کرتے رہے ہیں؟
پی ٹی آئی قیادت کے مطابق الیکشن کمیشن اور پی ڈی ایم قیادت میں ملاقاتیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہیں، اس لیے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے خلاف جوڈیشل کمیشن میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے وکلاء نے الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ارکان کے خلاف ریفرنس کی تیاری شروع کردی ہے، اس حوالے سے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف عدم اعتماد کی قرار داد بھی لائی جائے گی۔
اس معاملے پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ حکمران اتحاد کی الیکشن کمیشن کے ساتھ ملاقات ہوئی، ملاقات میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ سے متعلق بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں جو فیصلے ہوا کرتے تھے اب نہیں ہوں گے، جو ووٹرز کو دھوکا دے گا اس کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی، سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی جماعتوں میں جمہوریت آئے گی۔
Comments are closed.