بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کے حکومتی فیصلے پر پی ٹی آئی کا ردِ عمل

عمران خان کو نااہل کروانے کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حکومتی فیصلے پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آ گیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ حکومتی اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ 13 کی 13 جماعتیں عمران خان سے خوفزدہ ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس پروپیگنڈے کاحقیقت سےکوئی تعلق نہیں، کمیشن نے ایک ہی فیصلہ دیا ہےجو صفحہ بہ صفحہ دستخط شدہ ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے عمران خان کی مقبولیت میں اور اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل کروانے کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس میں پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں عمران خان کو نااہل قرار دلوانے کے لیے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے پر کارروائی اور طریقہ کار کا فیصلہ کل وفاقی کابینہ کرے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف سمیت کسی کو بھی ریڈ زون میں احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا، کوئی احتجاج کرنا چاہتا ہے تو ریڈ زون کے باہر جہاں مرضی کر لے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.