پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو مائنس کرنے کا فارمولا کامیاب نہیں ہوگا، عوام آج بھی عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ہی عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے، نااہلی کو چیلنج کرنے کیلئے درخواست تیار کی جا رہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شام سات بجے پی ٹی آئی کا اجلاس دوبارہ ہوگا، عمران خان پارٹی چیئرمین ہیں، اور رہیں گے، شام کے اجلاس کی صدارت بھی عمران خان ہی کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم اس فیصلے کو چیلنج کر رہے ہیں، 9 اپریل کو جب حکومت کو فائر کیا گیا تھا تو ایک عوامی رد عمل تھا، عوام میں ناراضگی ہے جو رد عمل نظر آرہا ہے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے عمران خان اپنا فیصلہ کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس وہ اختیار ہی نہیں تھا جو اس نے استعمال کیا، سینیٹر علی ظفر ہماری پٹیشن تیار کر رہے ہیں، آج ہی ہم فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اس وقت خیبر پختونخواہ میں تمام سڑکیں بند ہیں لوگ سراپا احتجاج ہیں، فیض آباد میں حکومت آنسو گیس کا سہارا لے رہی ہے، پنجاب میں موٹر وے کو بند کردیا گیا ہے، کوئٹہ کراچی سب جگہ احتجاج کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.