بدھ 8؍شعبان المعظم 1444ھ یکم؍مارچ 2023ء

عمران خان کا جیل بھرو تحریک معطل کرنے کا اعلان

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے جیل بھرو تحریک معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے بیان میں عمران خان نے جیل بھرو تحریک معطل کرنے اور انتخابی مہم کے آغاز کرنے کا اعلان کر دیا۔

عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ آئین کی پاسداری سپریم کورٹ کی ذمے داری تھی، سپریم کورٹ نے بہادری سے اپنا کردار نبھایا۔ 

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے از خود نوٹس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختون خوا اسمبلیوں کے انتخابات 90 روز میں ہوں گے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے فیصلہ سنانے کا آغاز قرآن کریم کی آیت سے کیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ جنرل انتخابات کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے، آئین میں انتخابات کے لیے 60 اور 90 دن کا وقت دیا گیا ہے، اسمبلی کی تحلیل سے 90 روز میں انتخابات ہونا لازم ہیں، پنجاب اسمبلی گورنر کے دستخط نہ ہونے پر 48 گھنٹے میں خود تحلیل ہوئی، خیبر پختون خوا اسمبلی گورنر کی منظوری پر تحلیل ہوئی، گورنر کو آئین کے تحت 3 صورتوں میں اختیارات دیے گئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.