چیئرمین تحریکِ انصاف اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے ترکیہ، شام اور لبنان میں زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عمران خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترکیہ اور دیگر ممالک میں زلزلے سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ زلزلے کی تباہ کاریوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہماری دعائیں اور تعزیت ترکیہ، شام اور لبنان میں موجود ہمارے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ہم متاثرین کی ہر طرح کی انسانی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ترکیہ اور شام سمیت پورے خطے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا ہے جس سے مجموعی اموات 514 ہو گئیں جبکہ درجنوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
زلزلے سے ترکیہ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 440 بتائی جا رہی ہے جبکہ شام میں زلزلے سے اموات 230 سے زائد جبکہ زخمیوں کی تعداد 600 ہو گئی۔
زلزلے سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق ترکیہ میں آنے والے اس زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں Nurdadi/Gaziantep کا علاقہ تھا، اس زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر زیرِ زمین تھی۔
زلزلے کے جھٹکے لبنان اور شام میں بھی محسوس کیے گئے اور یونان، اردن، عراق اور برطانیہ سمیت دیگر ممالک بھی متاثر ہوئے۔
Comments are closed.