بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے بیان کو انتہائی قابل مذمت اور تکلیف دہ قرار دے دیا۔
بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے کہا کہ فوج کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، فوج نے اپنے تحفظات بڑے واضح بتا دیے، دیکھنا ہےحکومت کیا کارروائی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے اپنی تشویش ظاہر کردی اب کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے، مسلح افواج ملک کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان پر شدید غم و غصہ
عمران خان کے فیصل آباد جلسے میں پاک فوج کی سینئر قیادت سے متعلق ہتک آمیز بیان کے معاملے پر آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی میں چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان پر شدید غم و غصہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تلعقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ آرمی چیف کے انتخاب کے عمل کو متنازع بنانا ریاست پاکستان اور ادارے کے مفاد میں نہیں ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کی سینئر قیادت کی اہلیت اور حب الوطنی دہائیوں پر محیط بے داغ، شاندار عسکری خدمات سے عیاں ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نازک وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوسناک ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج آئین پاکستان کی بالادستی کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کی سیکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج میرٹ پر یقین رکھتی ہے، میرٹ کے لحاظ سے پاک فوج کو بہترین ادارہ کہا جاتا ہے۔
Comments are closed.