اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستانی سیاست کا غیر ضروری عنصر قرار دے دیا۔
کوئٹہ میں جلسے سے خطاب میں پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کا غیرضروری عنصر ہے، 3 سال کی کارکردگی نے ہمارے دعویٰ کی تصدیق کی کہ حکومت نالائق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی بقا اور تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہماری جمہوریت، وقار اور خود مختاری کو تباہ کر دیا گیا ہے، ملک کے اداروں کو ان کا اصل مقام دلانا چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ جو حکومت دھاندلی سے اقتدار میں آئی وہ انتخابی اصلاحات لارہی ہے، انتخابی اصلاحات پر قانون سازی مسترد ہی نہیں اسے جوتے کی نوک پر رکھیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اب اگلے الیکشن کے لئے دھاندلی کا پروگرام بنایا جارہا ہے، ہم ساری صورتحال کو عوام میں زیربحث لانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ نے یہ بھی کہا کہ آج پارلیمنٹ میں اسٹیٹ بینک سے متعلق ترمیم بھی لائی جارہی ہے، پوچھتا ہوں آپ اس قسم کے قوانین لانے والے کون ہوتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ حکمران جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، ہم مضبوطی سے میدان میں نکلے ہیں، اس کا نتیجہ نکلے گا، تمہاری خیر اسی میں ہے کہ اقتدار چھوڑ کر نکل جاؤ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، افلاس، بے امنی کے ماحول میں قوم کے ساتھ ہیں، موجودہ حکمران نے کہا تھا 1 کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم قوم کو مایوس نہیں کریں گے، یہ جنگ اور جدوجہد جاری رہے گی، حکمرانوں اور جابرانہ نظام کے خلاف جہاد کو نتیجہ خیز بنانا ہے۔
Comments are closed.