وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستانی بچوں کو ہیومن شیلڈ بنارہا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں مولانا اسعد محمود نے کہا کہ عمران خان کبھی لبرل، کبھی مجاہد اور کبھی دینی بن جاتا ہے، اس نے اپنے بچے لندن میں بٹھا رکھے ہیں اور پاکستانی بچوں سے احتجاج کروارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان کی سیاست و معیشت تباہ کرنے کے ایجنڈے پر لایا گیا، جس نے سی پیک سست کردیا، اب احتجاج کرکے معیشت کو نشانے پر لے لیا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان نے تحریک عدم اعتماد سے ایک روز قبل اسمبلیاں توڑکر الیکشن کی پیشکش کی تھی، ہم نے پیشکش مسترد کی تو عالمی خط اور سازش کا ڈرامہ شروع کردیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج بھی جب عمران خان دھرنے احتجاج کررہا ہے، فنڈنگ مغرب سے آرہی ہے، پی ٹی آئی کی تمام فنڈنگ کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ یہ کون کررہا ہے۔
مولانا اسعد محمود نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی حکومت ٹوئٹر اور فیس بک پر چل رہی تھی، سابقہ حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے سوشل میڈیا کو دے دیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارت برہان وانی کو آج تک ہضم نہیں کرسکا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پھر انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے، وہ یاسین ملک کے خلاف جو اقدام کرنے جارہا ہے، اُس کی مذمت کرتے ہیں۔
Comments are closed.