لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ہفتے سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا جب کہ انہوں نے اس سلسلے میں وکلا برادری سے بھی ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔
لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ جو آپ کو دھمکیاں دے اسے آپ بھی دھمکی دے کر بتا دیں کہ آئین نے مجھے آزادی اظہار رائے کا حق دیا ہے۔ آپ کو اس ملک میں قانون اور حکمرانی کے لیے کھڑا ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے ملک کے لیے وکلا برادری کی ضرورت ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جب میں لانگ مارچ کی کال دوں گا تو قوم کے ساتھ وکلا کو بھی نکلنا ہوگا۔ ہم مل کر اس ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کریں گے اور پاکستان کو حقیقی آزادی دلوائیں گے۔ جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی وہ تباہ ہوجاتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ جب سے بیرونی سازش کر کے یہ اقتدار میں آئے، تب سے ملک کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے۔ ہم ایسے لوگوں کو اقتدار میں لاکر اپنی نوجوان نسل کو پیغام دے رہے ہیں کہ بڑا ڈاکا مارو کیونکہ یہاں چھوٹا چور پکڑا جاتا ہے۔ اِنہوں نے اپنے نیب کے کرپشن کیسز ختم کروا لیے۔ اس ملک میں طاقتور سب کرسکتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم ملک کو دلدل سے نکالیں گے، اس کے لیے قانون کی بالادستی کی ضرورت ہے۔ جب تک قانون کا نظام ٹھیک نہیں ہوگا معیشت بھی ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ امیر اور غریب ملکوں میں قانون کی حکمرانی ہی کا فرق ہے۔
Comments are closed.