وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے وہ کام کیا جس سے دشمن خوش ہوا، 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا، پوری قوم کے دل دکھے ہوئے ہیں، ایسا کبھی دشمن نے بھی نہیں کیا۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت عمران خان کی منصوبہ بندی سے سانحہ کرایا گیا اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کارکنوں کو مشتعل کرتی رہی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ زمان پارک اس وقت 9 مئی کے دہشتگردوں کی پناہ گاہ بنی ہوئی ہے، اگر زمان پارک میں مسلح جتھے اور دہشتگرد نہیں تو تلاشی لینے دو۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کا جواب مانگنے پر 9 مئی کا سانحہ پیش آیا، مذمت کرنے سے جان نہیں چھوٹے گی، مذمت اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کے لیے کی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کہتا ہے پی ڈی ایم کے اقدامات انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی، کیا پولیس پر پیٹرول بم پھینکنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں، عمران خان نے سیاسی مخالفین کو موت کی چکیوں میں رکھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کے جتھوں کی سہولت کاری کرنے والے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، شرپسندوں نے شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں لوگوں کے آنے اور جانے سے مجھے فرق نہیں پڑتا، لوگ اپنے ضمیر کی آواز پر پی ٹی آئی چھوڑ کر جا رہے ہیں، پی ٹی آئی چھوڑنے والے کہہ رہے ہیں 9 مئی کے واقعات کا دفاع نہیں کر سکتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کا بیانیہ جھوٹا ہے، فرانس کے چینل نے پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ 19مئی کو عمران خان نے ٹویٹ کیا، رینجرز اور پولیس کی تصویر لگائی، تصویر لگا کر انہوں نے پولیس اور رینجرز کو بدنام کیا، پولیس والے نہیں بلکہ تم بربریت کرتے ہو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جب قانون پر عمل کیا جاتا ہے تو جھوٹی تصویر سے انسانی حقوق کی پامالی کا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، عوام بھیڑ بکریاں نہیں کہ آپ کے جھوٹ پر یقین کرلیں۔
Comments are closed.