پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے قوم کو کبھی بھی پُرتشدد احتجاج کی کال نہیں دی۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں فرخ حبیب نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے پر احتجاج کرنے والوں کو حکومت گھروں میں گھس کر گرفتار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وڈیوز دیکھ کر پتہ چل رہا ہے کہ اس دن سادہ کپڑوں میں نامعلوم افراد نے گولیاں چلائیں اور انتشار پھیلایا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ یہ سب سوچا سمجھا منصوبہ تھا، اس سب کے پیچھے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو 9 مئی کو رینجرز نے ہائیکورٹ کے احاطے سے اغوا کیا، ان پر تشدد کیا، پی ٹی آئی چیئرمین نے قوم کو کبھی بھی پر تشدد احتجاج کی کال نہیں دی۔
فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ حکومت احتجاج کرنے والوں کو گھروں میں گُھس کر گرفتار کر رہی ہے۔ ہم یہ مطالبہ کرچکے ہیں، ان تمام پُرتشدد واقعات کی تحقیقات ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ سب ایک منصوبہ بندی کے ذریعے کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے تحت ایک آزاد کمیشن بنایا جائے، کمیشن انتشار اور پُرتشدد واقعات کی انکوائری کرے۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان سپریم کورٹ پر حملہ آور ہونے کےلیے دھرنا دینے جا رہے ہیں، جنہیں سہولت دی جارہی ہے۔
Comments are closed.