وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے صدرِ مملکت کے ذریعے جنرل باجوہ کو توسیع کی آفر کی۔
اسلام آباد میں غیرملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے غیر آئینی طور پر اسمبلی توڑی، ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئینی طریقے سے لائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے بعد غیر قانونی اقدامات کیے، تحریک انصاف کا منفی رویہ سب کے سامنے ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان بضد ہیں کہ عدالتوں کے سامنے پیش نہیں ہونا، یہ اور ان کے کارکن عدالتوں کو تضحیک کا نشانہ بنا رہے ہیں، یہ جتھوں کو لے کر عدالت پہنچتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا غیر قانونی اقدام کسی سیاستدان نے نہیں کیا، سیاست دانوں نے پروقار انداز میں سیاست کی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں ن لیگ کی قیادت کو نشانہ بنایا گیا، ان کے دور حکومت میں ن لیگ کی قیادت کی گرفتاریاں کی گئیں، اسی دور میں مجھے بھی گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 3 سال تک میرے اہل خانہ عدالتوں کا سامنا کرتے رہے، عمران دور میں جیسے اپوزیشن کوانتقام کانشانہ بنایا گیا ایسا کسی جمہوری دور میں نہیں ہوا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ملزم عدالت میں پیش ہونے سے انکار نہیں کرتا، لندن سے آکر نواز شریف نے اپنی بیٹی کے ساتھ گرفتاری دی، انہیں 3 بار حکومت سے نکالا گیا لیکن کبھی نواز شریف نے آئین اور قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ایک مایوس آدمی ہیں جو پرتشدد کارروائیوں پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان میں عام انتخابات اکتوبر میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ 2 لاکھ افغان امریکا جانے کے لیے پاکستان آئے، وہ ابھی تک یہیں ہیں، زلمے خلیل زاد افغانوں کو امریکا لے جانے کی بات کیوں نہیں کرتے۔
Comments are closed.