چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آرٹیکل245 کے نفاذ کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
عمران خان نے ایڈوکیٹ حامد خان کی وساطت سے آئینی درخواست دائر کی
سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ آرٹیکل 245 کے نفاذ کو کالعدم قرار دیا جائے، تحریک انصاف کے کارکنان کی گرفتاریوں کو روکا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سویلین کا آرمی ایکٹ کے تحت ٹرائل بھی کالعدم قرار دیا جائے، آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سویلین کا ٹرایل غیرآئینی قرار دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، نواز شریف اور مریم نواز نے پروپیگنڈا کیا کہ عمران خان اپنا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں۔
عمران خان کی جانب سے درخواست میں وفاق، وزیرِ اعظم شہباز شریف، نواز شریف، مریم نواز، آصف زرداری، بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عدالت تحریک انصاف رہنماؤں کی جبری علیحدگیوں کو غیرآئینی قرار دے، یہ سارا ڈرامہ نواز شریف اور مریم نواز کا رچایا ہوا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے درخواست میں یہ استدعا بھی کی ہے کہ مبینہ آڈیوز کی بنیاد پر کسی شہری کے خلاف کوئی بھی کارروائی روکی جائے، غیرقانونی آڈیوز کو میڈیا پر نشر کرنے اور آگے پھیلانے سے روکنے کا حکم دیا جائے، جوڈیشل کمیشن نوٹیفکیشن اور کارروائی کا کالعدم قرار دیا جائے، متعلقہ فریقین کو گمنام سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلانے والوں کی شناخت کا حکم دیا جائے۔
Comments are closed.