بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان مسلسل ایک بیانیےکی تلاش میں ہیں: شیری رحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر، سینیٹر شیری رحمٰن کا سابق وزیرِ اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عمران خان مسلسل ایک بیانیےکی تلاش میں ہیں۔

جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان 4 ماہ سے عالمی سازش کے نام پر لوگوں کو گمراہ کر رہے تھے، اب خود کہہ رہے ہیں کہ ایک سال پہلے معلوم تھا کہ حکومت جا رہی ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان تحریکِ عدم اعتماد میں شکست تسلیم کرنے کے بجائے اداروں کو ذمے دار ٹھہرا رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کبھی نیوٹرلز کی منت سماجت میں پاؤں پکڑ لیتے ہیں، کبھی دھمکیوں پر اتر آتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے کہا کہ کیا عمران آر ٹی ایس میں خرابی کے ذریعے انتخابات جیت کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں؟ اگر عمران خان کے مخالفین پر کیسز تھے تو پونے 4 سال میں ثابت کیوں نہیں کر سکے؟

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اب دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کی حکومت کے خلاف کوئی کرپشن کیس نہیں تھا۔

شیری رحمٰن نے سوال اٹھایا کہ کیا بیانیہ بنانے کے چکر میں عمران خان چینی، گندم اور ادویات کے کیسز بھول گئے؟ پیٹرول، ایل این جی، بی آر ٹی اور دیگر کرپشن کیسز بھول گئے ہیں؟ موجودہ کابینہ پر انگلی اٹھانے والے کیا اپنا دور بھول گئے ہیں؟

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق پنجاب حکومت کی لوٹ مار کی کہانیاں بھی سامنے آ رہی ہیں، کرپشن اور بدعنوانیوں میں پونے 4 سال گزارنے کے بعد عمران خان نیک اور ایماندار بننے کی کوشش کر رہے ہیں، 900 چوہے کھا کر بلی حج کو چلی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.