سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ عمران خان سازش کے تحت فوج اور آرمی چیف کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے 2 دن قبل تحریک انصاف کا لانگ مارچ اسی سازش کی کڑی تھی۔ ہم نے عمران خان سے کہا آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں، مارچ 2 دن آگے کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف بننے سے روکنا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدم اعتماد کے وقت عمران خان چاہتے تھے فوج اسے ناکام بنائے۔ فوج نے اس ساری صورتحال میں نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا۔
سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارٹی میٹنگ میں کہا اب فوج مخالف بیانیہ بنانا ہے۔ چند دن بعد کاغذ کا ٹکرا لہرا کر اپنی فوج کو میر جعفر اور میر صادق جیسے القابات سے نوازا گیا۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کے ذہنوں میں فوج کے خلاف جذبات بھڑکا رہے ہیں۔ سلیپر سیلز کے ذریعے فوجی تنصیبات پر حملے کروائے جارہے ہیں۔
سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور حکومت میں بدترین گورننس رہی۔
Comments are closed.