عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ عمران خان اب بھی لاڈلے کے مرتبے پر فائز ہیں۔
پشاور سے جاری بیان میں زاہد خان نے کہا کہ عمران خان کے لیے ایک قانون ہے اور باقی پاکستان کے لیے الگ ضابطے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان اور پی ٹی آئی کی چوری پکڑی جاچکی اور وہ عدلیہ اور دیگر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں۔
اے این پی ترجمان نے مزید کہا کہ خاتون جج کو کھلے عام دھمکیاں دینے والے کو محفوظ راستہ فراہم کیا گیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اداروں میں تصادم کی سازش میں ملوث شہباز گل کی ضمانت ہوگئی جبکہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر 2 سال سے جیل میں بند ہیں۔
زاہد خان نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں ضمنی انتخابات کے لیے سرکاری وسائل استعمال کر رہی ہے، صوبے کا سرکاری ہیلی کاپٹر ایک مسترد شخص کی سواری بنادیا گیا ہے۔
Comments are closed.