سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قومی اداروں کےخلاف مہم کی پر زور مذمت کرتے ہیں، احتساب سے بچنے کیلئے یہ عمران خان کی ایک بھونڈی کوشش ہے۔
آصف زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران ذہنی توازن کھو چکا ہے، وہ اب قومی اداروں پر حملہ آور ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن کیس اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے، سزا سے بچنے کیلئے وہ قومی اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ اقتدار کے لالچ میں وہ جس نہج پر جارہا ہے وہ ملک کو پھر دولخت کرنے کی سازش لگتی ہے۔
زرداری نے مزید کہا کہ جھوٹے سازشی بیانیے سے لوگوں کے جذبات بھڑکانے کی کوشش قابل مذمت ہے۔
عمران کا کرسی کیلئے نہ صرف ملک بلکہ قومی اداروں کا بھی نقصان کرنا برداشت نہیں کیاجائیگا، عمران کی انہی حرکتوں سے پونے 4 سال میں ملک آگے کی بجائے پیچھے گیا۔
Comments are closed.