وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کا استعفوں کا اعلان دھوکا ہے، آج اتوار کا دن ہے، صدرِ مملکت عارف علوی سے استعفیٰ دلوا کر دکھائیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب عمران خان سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، میری اطلاع کے مطابق اڈیالہ جیل میں صفائی ستھرائی کا کام ہو رہا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان نے کل میدان چھوڑ کر بھاگنے کی بات کی، وہ انتخابات کی تاریخ لینے آئے تھے اور استعفے کا اعلان کر کے چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کو بےوقوف بنا رہے ہیں، ان کے اپنے اراکین اسمبلی ان کے ساتھ نہیں، کل کا جلسہ نہیں کارنر میٹنگ تھی، جس میں ملک بھر سے لوگوں کو بلایا گیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ جتنے لوگ عمران خان کے کل کے جلسے میں آئے اتنے لوگ تو میں 2 دن میں اپنے حلقے میں جمع کرسکتا ہوں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پرویز الہٰی سمجھدار شخص ہیں، وہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ عمران خان کے کہنے پر اپنا اقتدار چھوڑیں۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ عمران خان نے ساڑھے 3 سال میں ایسا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا جس سے عوام کوفائدہ ہو، انہوں نے صرف مخالفین کے خلاف کارروائیاں کیں۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ریڈ لائن پراجیکٹ پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، بہترین ٹرانسپورٹ ملنا عوام کا حق ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے شہریوں کے لیے الیکٹرک وہیکلز شروع کریں گے، جس کے بعد دیگر شہروں میں بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔
Comments are closed.