وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان ہر چیز کا الزام مخالفین پر لگاتے ہیں، عمران خان آئین شکن ہے، اسے جب موقع ملا ، اس نے آئین کو توڑا ہے۔
وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جو غلط کام کرتے ہیں اس کا الزام مخالفین پر لگاتے ہیں، خود معیشت کو وینٹی لیٹر پر چھوڑ کرگئے، اب اس کے گناہ ہمارے سر پر آگئے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ اہم سوال ہے کہ غیر ملکی فنڈنگ عمران خان کو کس مقصد کے لیے کی گئی۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان جواب دیں کہ غیرملکی کمپنیاں اور شہری ان پر سرمایہ کاری کیوں کرتے تھے؟ عمران خان بتائیں، بھارتی، اماراتی، برطانوی، امریکی شہری پیسہ کیوں دیتے تھے؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر غیر ملکی شہری عمران خان کوجائز طریقے سے پیسے دیتے تھے تو ان اکاؤنٹس کو کیوں چھپایا گیا؟ بڑے چالاک دیکھے ہیں مگر عمران خان جیسا نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ قدرت عمران خان کو بےنقاب کر رہی ہے اسی لے اس کی جوابدہی ہو رہی ہے، اسی لیے جگہ جگہ خوار ہو رہے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری عمران خان نے کی تھی، عمران خان کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا ہے، عمران خان نے جو کچھ کیا ہے اس پرکارروائی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو جواب دینا ہوگا کہ وہ اور ان کا گروہ کس کے مفادات کا تحفظ کر رہا ہے؟ کشمیر کے معاملے پر ان کی حکومت نے مجرمانہ خاموشی کیوں اختیار کر رکھی ہے ؟ اس کی وجہ سے بعض دفعہ ہمیں بھی بدزبانی کرنی پڑتی ہے۔
عمران خان کو ہر ادارے میں اپنی مرضی کے لوگ چاہیے، پنجاب میں ان کی حکومت ہے وہ اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرکے دکھائیں، ہم اسلام آباد کا تحفظ کریں گے۔
انہوں نے اس موقع پر لاہور سے گرفتار ہونے والے ن لیگ کے رہنماء نذیر چوہان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے کو قومی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے پر پوری قوم سوگوار ہے۔
انہوں نے 17 سے 22 سکیل تک کے ریلوے ملازمین سے ایک دن کی تنخواہ متاثرین سیلاب کو عطیہ کرنے کی اپیل کی۔
Comments are closed.