متحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ توہین مذہب اور توہین رسالت کے قانون کا غلط استعمال نہیں ہونے دیں گے، شریں مزاری کو اپنا خط واپس لینا چاہیے، عمران خان اور ان کی جماعت مسجد نبویﷺ کے واقعے کی مذمت کریں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مسجد نبویﷺ کے واقعے پر نماز جمعہ کے خطبات میں مذمت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان خود بھی عاشقِ رسولﷺ ہیں، انکی جماعت کو بھی واقعے کی مذمت کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے پر مقدمات سرکار کی طرف سے نہیں، عوام کی جانب سے درج کروائے گئے ہیں۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ شریں مزاری کا خط پاکستان کے خلاف جا سکتا ہے، عمران خان سے درخواست ہے کہ وہ یہ خط واپس لیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان سعودی حکام سے رابطے میں ہے، کسی بے گناہ کو سزا نہیں ملے گی۔
Comments are closed.