آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے پہلے راؤنڈ میں اسکاٹ لینڈ نے اپنے تیسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کرکے اگلے راؤنڈ کے لیے جگہ بنالی۔
الامارات کرکٹ گراؤنڈ مسقط میں کھیلے جانے والے اس میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
عمان کی ٹیم ہوم کنڈیشنز کا فائدہ نہ اٹھاسکی اور 122 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ہوم ٹیم عمان کی جانب سے عاقب الیاس 37 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ کپتان ذیشان مقصود 34 اور محمد ندیم نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔
اسکاٹ لینڈ کے جاش ڈیوی 3 وکٹیں لےکر عمان کی بیٹنگ لائن تباہ کرنے کے ذمہ دار رہے جبکہ صفیان شریف 2، مائیکل لیسک 2 اور مارک ویٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کا تعاقب اسکاٹ لینڈ کے لیے آسان رہا، اس نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز کا ہدف پورا کرلیا۔
اسکاٹ لینڈ کے کپتان کائل کوٹزر نے 41 رنز کی شاندار باری کھیلی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں رچی بیرنگٹن 31، میتھیو کراس 20 اور جارج منسے 20 رنز بنائے۔
عمان کی جانب سے فیاض بٹ اور خاور علی نے ایک، ایک وکٹ لی، تاہم اس شکست کے بعد عمان کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
واضح رہے کہ پہلے راؤنڈ میں اسکاٹ لینڈ نے اپنے تمام میچز جیت کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی جس کے ساتھ ہی وہ سپر 12 کے گروپ 2 میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان سے ہوگا۔
Comments are closed.