وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈرڈ میں اسپینش کانگریس کے فارن ریلیشنز کمیٹی کے اراکین سے ملاقات کی ہے۔ دوران ملاقات پاکستان اور اسپین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ علاقائی سلامتی اور روابط کے فروغ کے لیے پرامن اور مستحکم افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان، عالمی برادری کے ساتھ مل کر افغانستان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور افغان عوام کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں عدم استحکام کی بھاری قیمت چکائی ہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کے میسر موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
افغانستان میں عدم استحکام نہ صرف پاکستان اور خطے بلکہ سب کیلئے خطرے کا باعث بن سکتاہے، وزیر خارجہ نے افغان شہریوں کو درپیش انسانی المیے سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کی جانب سے موثر اور ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
Comments are closed.