بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عزیز آباد سے سانحہ بلدیہ کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کا قریبی ساتھی گرفتار

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے حساس اداروں کے ہمراہ کراچی کے علاقے عزیز آباد میں کارروائی کرتے ہوئے سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کے قریبی ساتھی کو گرفتار کرلیا۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ گلستان جوہر سلیم بیلجیئم کے کہنے پر ایم کیو ایم پاکستان کے میلاد پر حملہ کیا گیا، پی ایس پی کارکنان پر بھی سلیم بیلجیئم کے کہنے پر حملہ کیا گیا ،جس پر الطاف حسین نے واٹس ایپ پر شاباشی دی۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے حساس اداروں کے ہمراہ عزیز آباد میں کارروائی کے دوران یاسین عرف بٹک عرف ڈاڈا کو گرفتار کرلیا۔

ملزم ایم کیوایم لندن کا دہشت گرد اور سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمان بھولا کا قریبی ساتھی ہے، ملزم پولیس اہلکار سمیت ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ رحمان بھولا کی ہدایت پر پولیس اہلکار عارف اور اکبر کی ریکی کی، میری نشاندہی پر شکیل سپنا گروپ نے دونوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا جبکہ 2008میں ساتھیوں سےمل کر سیاسی کارکن کو قتل کیا۔

ملزم نے بیان میں کہا کہ رحمان بھولا کیساتھ ملکر بلدیہ ٹاؤن میں چاندگروپ کے شاکر پٹنی، رنچھوڑ لائن میں ایک شخص اور یعقوب مادہ کےچھوٹے بھائی عباس مادہ کو قتل کیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم یاسین پہلے بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.