بدھ 9؍رجب المرجب 1444ھ یکم؍فروری 2023ء

عدالت نے میرے پولیس طلبی کے نوٹس کو معطل کر دیا، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عدالت نے میرے پولیس طلبی کے نوٹس کو معطل کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو 6 تاریخ کو طلب کر لیا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ عدالت نے کہا ہے کہ اس طرح کےنوٹس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ درخواست ایس ایس پی آپریشن کے نام کیسے دی جا سکتی ہے؟ مقدمہ اندراج کی درخواست تو پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے نام ہوتی ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کی تھانہ آبپارہ طلبی کا نوٹس معطل کرتے ہوئے پولیس کو نوٹس جاری کردیا۔

شیخ رشید کی پولیس اسٹیشن طلبی کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید وکلا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے، شیخ رشید کے وکیل نے پولیس کے نوٹس اور مقدمہ اندراج کی درخواست پڑھ کر سنائی۔

عدالت نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کسی سینئر افسر کو مقرر کریں جو 6 فروری کو ریکارڈ کے ساتھ پیش ہو، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کی درخواست پر نوٹس جاری کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.