انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں جگہ بنانے والے عامر جمال کا نام ٹیم میں شامل ہونے پر کیا جذبات تھے؟ انہوں نے اس حوالے سے بتا دیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال نے بتایا کہ ٹیم کے تمام سینئر کھلاڑیوں نے اچھا برتاؤ کیا، کسی سینئر نے ایسا برتاؤ نہیں کیا کہ ہم نئے کھلاڑی ہیں۔
عامر جمال نے کہا کہ ٹیم میں نام آیا تو میں اس وقت میچ ہی کھیل رہا تھا کہ اچانک ہمارے ایک ساتھی نے مجھے بلایا اور کہا کہ وسیم بھائی کی کال آئی ہے وہ آپ سے بات کرنا چاہ رہے ہیں، انہوں نے مجھ سے گفتگو کے دوران کہا کہ تمھارا نام پاکستان ٹیم میں آگیا ہے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ ٹیم میں سلیکٹ ہونے کے بعد میں نے سب سے پہلے اپنی بیگم کو فون کیا اور انہیں بتایا کہ میرا نام پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
عامر جمال نے کہا کہ میری بیوی نے ہمیشہ مشکل وقت میں میرا ساتھ دیا ہے، اسی لیے سب سے پہلے میں نے انہیں ہی بتایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا خواب ملک کی نمائندگی کرنا ہوتا ہے، جن کھلاڑیوں کے میچ دیکھتے تھے آج ان ہی کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ٹیم کا ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا احساس ہی الگ ہوتا ہے۔
Comments are closed.