چٹا گانگ میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں اوپنر عابد علی نے سنچری مکمل کرلی، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔
عابد علی کی یہ چوتھی سنچری ہے، اس قبل انہوں نے 2 سنچریاں سری لنکا اور ایک زمبابوے کیخلاف بنائی ہیں۔
اب تک ٹیسٹ کیریئر میں انہوں نے 15 انٹرنیشنل میچز میں 24 اننگز میں 1040 رنز بنالئے ہیں جس میں 4 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
اس سے قبل پاکستان نے میچ کی پہلی اننگز میں دوسرے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنائے تھے۔
خیال رہے کہ بنگلادیش کے خلاف عبدﷲ شفیق نے ڈیبیو ٹیسٹ میں نصف سنچری بنائی، انہوں نے 154 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔
بنگلادیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 330 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، ٹیسٹ میں پہلے دن کے کھیل میں میزبان ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر 253 رنز بنائے جبکہ دوسرے روز کے کھیل میں وہ مزید 77 رنز بناسکی۔
بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس 114 اور مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے جبکہ مہدی حسن 38 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
میزبان ٹیم کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں شادمان اسلام، سیف حسن، نجم الحسن شانتو بالترتیب 14، 14 جبکہ کپتان مومن الحق 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے علاوہ لٹن داس 114 اور مشفیق الرحیم 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور یاسر علی 4، تائج الاسلام 11، ابوجاید 8 اور عبادت حسین صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے حسن علی نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیش کے 5 شکار کیے جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
Comments are closed.