متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر خان غوری کا طویل جلا وطنی کے بعد جمعرات کی شام امریکا سے وطن واپسی کا پروگرام ہے۔
نمائندہ جیو نیوز سے فون پر بات کرتے ہوئے بابر خان غوری نے بتایا کہ وہ دو ہفتے قبل امریکہ سے دبئی پہنچے تھے جہاں قیام کے دوران انہوں نے اپنے خلاف کراچی میں درج دو مقدمات میں عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ بینا غوری کے ہمراہ امارات ایئر لائن کی پرواز ای کے 602 کے ذریعے جمعرات کی شام 6 بجے دبئی سے کراچی پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے میں بابر غوری کے خلاف منی لانڈرنگ کا بھی کیس درج ہے۔
سابق وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری 2015 سے امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں مقیم ہیں۔
وہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں ان کے انتہائی قریب اور بااثر سیاست دانوں میں شامل رہے۔
Comments are closed.