کراچی سے قومی اسمبلی کی 2 نشستوں این اے 237 اور این اے 239 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، ان دونوں نشستوں سے پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان کا 31 امیدواروں سے مقابلہ ہے۔
کراچی سے ان دونوں نشستوں پر مجموعی طور پر 33 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
ضمنی الیکشن کے لیے دونوں نشستوں پر تحریکِ انصاف کے امیدوار کے طور پر پارٹی چیئرمین عمران خان خود موجود ہیں۔
ان دونوں سیٹوں پر عمران خان کے مخالف امیدواروں کی تعداد 31 ہے۔
این اے 237 ملیر کی نشست پر عمران خان اور پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
این اے 239 پر عمران خان اور ایم کیوایم کے نیر رضا کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔
کراچی میں قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے 237 ملیر اور این اے 239 کورنگی میں پولنگ جاری ہے۔
این اے 237 میں انتخابی عمل کے لیے 194 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 112 انتہائی حساس اور 82 حساس پولنگ اسٹیشنز ہیں۔
این اے 237 ملیر کراچی میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار 699 ہے۔
یہ نشست پی ٹی آئی کے جمیل احمد خان کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اس حلقے میں 11 امیدوار مدِمقابل ہیں جن میں سے پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان اور پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔
این اے 239 کورنگی میں 330 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 257 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 73 حساس ہیں۔
اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار 888 ہے۔
یہ نشست پی ٹی آئی کے محمد اکرم چیمہ کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اس حلقے میں 22 امیدوار ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جن میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور ایم کیو ایم کے نیّر رضا نمایاں امیدوار ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ رینجرز اور آرمی بھی معاونت کے لیے موجود ہیں۔
Comments are closed.